پاک بھارت کشیدگی، آرمی چیف سے سعودی وزیرخارجہ کی ملاقات


ملاقات میں پاک بھارت کشیدگی اور علاقائی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال، سعودی وزیرخارجہ کی پاکستان کو بھرپور حمایت کی یقین دہانی، سعودی عرب ہمیشہ پاکستا ن کا سچا دوست ثابت ہواہے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی گفتگو


                                                                                                  Latest News Update
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 مارچ2019ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر نے ملاقات کی ، جس میں پاک بھارت کشیدگی، علاقائی سکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودیوزیرخارجہ نے جی ایچ کیومیں ملاقات کی، اس موقع پر ملاقات میں آرمی چیف نے مشکل وقت میں سعودی عرب کی امن کوششوں کو سراہا۔
آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ پاکستا ن کا سچا دوست ثابت ہواہے۔ملاقات میں سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر نے خطے میں امن واستحکام کیلئے پاکستانکے مثبت کردار کی تعریف کی۔ سعودی وزیرخارجہ نے پاکستان کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ہرسطح پر پاکستان کی حمایت کرتا رہے گا۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیرنے ان کے آفس میں ملاقات کی۔
جس میں پاک بھارت کشیدگی کے بعد کی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات سے متعلق بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، سیکرٹری خارجہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں سعودی وزیرخارجہ نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا خصوصی پیغام پہنچایا۔
اس سے قبل سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر وزارتِ خارجہ پہنچے تو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے سعودی ہم منصب کا خیر مقدم کیا۔ دوران ملاقات پاک بھارت کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلطان کی ہدایت پر پاکستان تشریف لائے ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ کے اس ایک روزہ دورے کا مقصد پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ کی فضا کو معمول پر لانا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارتکے مابین کشیدگی کے خاتمے کیلئے سعودی ولی عہد کی طرف سے مصالحت کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں وزرائے خارجہ نے پاک سعودی سپریم رابطہ کونسل کے تحت دو طرفہ اقتصادی، سیاسی اور سیکورٹی سے متعلقہ تعاون کو فروغ دینے سے متعلق طے کردہ امور کو معینہ مدت کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچانے پر اتفاق کیا۔
سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو دونوں ممالک کے درمیان تصفیہ طلب امور کو پر امن طریقے سے حل کروانے کے سلسلے میں سعودی حکومت کی طرف سے مکمل اور بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

Post a Comment

 
Top